اسلام کا تعارف صرف ایک قانون کا تعارف نہیں، وہ خالق کائنات کا تعارف ہے۔ اس لیے اسلام کو پڑھتے ہوئے آدمی کے اندر وہ ہلچل پیدا ہونی چاہئے جو کائنات کے خالق و مالک کی قربت سے ایک شخص کے اندر پیدا ہوتی ہے۔ اسلام کے تعارف کے لیے ایسا اسلوب درکار ہے جس میں صرف عقیدۂ خدا کی تشریح نہ ہو، بلکہ خدا کے ساتھ تعلق کی خوراک بھی اس کے اندرموجود ہو۔ اس میں صرف آخرت کا بیان نہ ہو، بلکہ اس کے ساتھ آخرت کا خوف بھی اس میں رچا بسا ہوا ہو۔ اس میں صرف عبادت کے احکام نہ ہوں بلکہ عبادت کی روح کی اس کے اندر سموئی ہوئی ہو۔